حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں مسلم ورلڈ لیگ کے زیرِ اہتمام منعقدہ پاکستانی علمائے کرام کے ساتھ دوسرے مشاورتی اجلاس میں ”پوزیشنز کی ہم آہنگی اور مؤقف کے اتحاد“ کے عنوان سے منعقدہ پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالم اسلام کے مابین فکر و مؤقف کی ہم آہنگی وقت کی اہم ضرورت ہے؛ جس کے فقدان کے باعث آج امت مسلمہ عالمی سطح پر اہل اسلام کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے ایک مؤقف پر متفق نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالم اسلام میں اتحاد کی محور و مرکز حبیب خدا، ختم الانبیاء حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم کی ذاتِ مقدسہ ہے؛ جن کی سیرتِ طیبہ پر عمل پیرا ہو کر اہل اسلام دنیا و آخرت میں سرخرو ہو سکتے ہیں۔
علامہ میثمی نے میڈیا کی جھوٹی اور گمراہ کن خبروں اور کچھ جاہل مسلمانوں کے میڈیا کے غلط استعمال پر بھی تنبیہ کی کہ یہ امت کی وحدت کو کمزور کرتے ہیں اور فتنے پھیلاتے ہیں، جبکہ قرآن کریم میں اللہ تعالیٰ واضح طور پر فرماتا ہے کہ: ”اور جس چیز کا تمہیں علم نہیں ہے اس کے پیچھے نہ پڑو“ (سورۂ بنی اسرائیل، آیہ 36)۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حق اور انصاف کی تبلیغ کرکے میڈیا کو مثبت طور پر استعمال کریں، تاکہ امت کے اتحاد کو مضبوط کیا جائے۔
علامہ ڈاکٹر شبیر میثمی نے مزید کہا کہ امت مسلمہ کا اتحاد قرآن کا آفاقی پیغام ہے اور اللہ تبارک وتعالیٰ کا حکم ہے کہ اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامے رکھو اور آپس میں تفرقہ نہ ڈالو، رسالت مآب ص کی سیرتِ طیبہ، اتحادِ امت کے لیے بہترین نمونہ ہے اور اب وقت آن پہنچا کہ اہل اسلام پیغمبر اکرم ص کی سیرت طبیہ پر عمل پیرا ہو کر فلسطین سمیت عالم اسلام کے دیرینہ مسائل کو متحد ہو کر حل کریں، تاکہ دین حنیف اسلام کے فروغ اور دین حق کی تبلیغ کا فرض بخوبی ادا کیا جاسکے۔
انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ امت مسلمہ کی دنیا و آخرت میں کامیاب کا واحد راز باہمی اختلافات کو دور کر کے امت واحدہ کے طور پر اتحاد و اتفاق میں مضمر ہے۔
اس تقریب کی صدارت مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل الشیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسٰی نے کی، جبکہ مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف تھے۔
تقریب میں اسلام آباد میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی، جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، وزیرِ اعظم کے مشیر مولانا طاہر محمود اشرفی، رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان کے سربراہ مولانا عبد الخبیر آزاد، اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان کے سربراہ مولانا راغب نعیمی اور شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی آخونزادہ سمیت دیگر مذہبی اسکالرز نے شرکت کی۔









آپ کا تبصرہ